Loading
کراچی: پاکستانی اداکارہ میرا ایک بار پھر خبروں میں آگئیں جب انہوں نے بالی وڈ کے سینئر اداکار دھرمیندرا کے انتقال کی جھوٹی خبر کو سچ مان کر سوشل میڈیا پر افسوس کا اظہار کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے بڑے اداروں جیسے انڈیا ٹوڈے، اے بی پی نیوز، نیوز 18، اور ہندوستان ٹائمز نے منگل کی صبح دھرمیندرا کے انتقال سے متعلق خبریں نشر کیں، جنہیں بعد میں ان کی بیٹی ایشا دیول نے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ دھرمیندرا زندہ ہیں اور علاج کے دوران روبہ صحت ہیں۔
تاہم، پاکستانی اداکارہ میرا نے ان خبروں کو سچ سمجھتے ہوئے انسٹاگرام پر دھرمیندرا کی تصویر کے ساتھ تعزیتی پوسٹ شیئر کی اور لکھا: "دھرمیندرا کے انتقال پر افسوس ہے، بالی وڈ کے مشہور 'ہی مین' جنہوں نے چھ دہائیوں تک شاندار اداکاری سے ناظرین کو محظوظ کیا۔"
انہوں نے مزید لکھا کہ فلم شعلے، چپکے چپکے، اور پھول اور پتھر میں دھرمیندرا کے کردار ہمیشہ یاد رہیں گے۔
پوسٹ کے بعد صارفین نے فوری طور پر کمنٹس میں بتایا کہ دھرمیندرا زندہ ہیں۔ یہاں تک کہ اداکار یاسر حسین نے بھی لکھا: "ارے میرا جی، وہ زندہ ہیں!" تاہم، کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود میرا نے اپنی پوسٹ ڈیلیٹ نہیں کی۔
دوسری جانب، دھرمیندرا کی اہلیہ ہیما مالنی نے بھارتی میڈیا پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "یہ جھوٹی خبریں ناقابلِ معافی ہیں، ایک شخص کے علاج کے دوران اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ افسوسناک ہے۔"
واضح رہے کہ دھرمیندرا ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیر علاج ہیں، اور اہل خانہ کے مطابق ان کی حالت اب بہتر ہو رہی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل