Loading
وزیر اعظم شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی جلد تکمیل میں درپیش رکاوٹوں کو تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جلد از جلد دور کرنے اور معیاری تعمیر اور جدید سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کی تعمیر پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال ،وفاقی وزیر برائےصحت مصطفی کمال ، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور دیگر متعلقہ سرکاری عہدہ داران نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تمام جدید طبی سہولیات کے ساتھ معیاری تعمیر کو جامع حکمت عملی کے تحت مکمل کیا جائے۔
کمپلیکس کی جلد تکمیل میں درپیش تمام رکاوٹوں کو متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے جلد از جلد حل کیا جائے اور مقامی آبادی کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیےجناح میڈیکل کمپلیکس کے زیر اہتمام ذیلی طبی مرکز کی تعمیر کے لیے کام کیا جائے۔
وزیراعظم نے جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر اور جدید علاج کی فراہمی میں ضرورت کے مطابق بین الاقوامی ماہرین کی خدمات لینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کے لیے مطلوبہ زمین حاصل کر لی گئی ہے اور ڈیزائن کنسلٹنٹ کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے اب تک کیے گئے انتظامات، کارکردگی اور پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو باہمی تعاون سے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل