Sunday, July 20, 2025
 

حمیرا اصغر کی والدہ کا ’’نامناسب‘‘ بیان؛ شمعون عباسی نے آئینہ دکھا دیا

 



معروف اداکار شمعون عباسی نے حال ہی میں انتقال کرنے والی اداکارہ حمیرا اصغر علی کی والدہ کی جانب سے کراچی کے لوگوں پر عائد کیے گئے الزامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں پر الزام لگا دینا بہت آسان ہے جبکہ اصل میں والدین کی ذمے داری تھی کہ وہ اپنی بیٹی کی خبر لیتے۔ واضح رہے کہ حمیرا کے والدین نے ایک مقامی ٹی وی چینل پر انٹرویو میں حمیرا کی ذاتی زندگی اور ان کی تنہائی پر گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے لوگوں کو ’’بے حس‘‘ اور ’’بے درد‘‘ قرار دیا تھا۔ حمیرا کی والدہ نے کہا تھا کہ ان کی بیٹی کے فلیٹ سے چیخوں کی آوازیں آتی تھیں لیکن کسی نے دروازہ نہیں کھٹکھٹایا اور کراچی کے لوگ لاپروائی سے سیر و تفریح پر چلے گئے۔ انہوں نے غصے میں کہا کہ ’’میں لعنت بھیجتی ہوں کراچی کے لوگوں پر۔‘‘ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی گئی اور صارفین نے سوال اٹھایا کہ جب والدین خود اپنی بیٹی سے غافل رہے، میت لینے سے بھی انکار کر دیا، تو اب وہ دوسروں پر الزام کس طرح لگا سکتے ہیں۔ اداکار شمعون عباسی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’’ہم والدین کی تکلیف کا اندازہ نہیں لگا سکتے، مگر والدین ہونے کے ناتے یہ ان کی ذمے داری تھی کہ وہ بیٹی کی خبر لیتے۔ جب حمیرا نے مدد مانگی تو اس کے والدین نے مدد کرنے سے انکار کر دیا۔ جب سوشل میڈیا پر شور مچا تو میت لینے کے لیے بھائی آگئے اور موقف بھی بدل گیا۔‘‘         View this post on Instagram                       A post shared by Shamoon Abbasi (@being_shamoon_) شمعون نے کہا کہ اگر مالی حالات اجازت نہیں دیتے تھے تو لاہور سے کسی رشتہ دار یا جاننے والے کو معمولی اخراجات پر کراچی بھیج کر بیٹی کی خیریت معلوم کی جا سکتی تھی، پولیس کی مدد بھی لی جا سکتی تھی۔ لیکن والدین نے اپنے کندھوں سے ذمے داری ہٹا کر کراچی کے شہریوں پر الزام لگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’قربت آپ کے ساتھ تھی، بیٹی آپ کی تھی، یہ آپ اور آپ کے خاندان کی ذمے داری تھی کہ اس کی خبر لیتے، لیکن آپ نے آسان راستہ چن کر دوسروں پر الزام لگانا شروع کر دیا۔‘‘ شمعون عباسی نے مزید بتایا کہ شوبز انڈسٹری کے بہت سے لوگ اور این جی اوز اس وقت رابطے میں تھے کہ اگر والدین میت لینے سے انکار کر دیں تو وہ حمیرا کی تدفین کی ذمے داری لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف باتیں نہیں بلکہ اس پر باقاعدہ انتظامات کیے جا رہے تھے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ ہمیں بھی حمیرا کے جانے کا دکھ ہے، لیکن دکھ کی اس گھڑی میں دوسروں پر الزام لگانے سے بہتر ہے کہ ہم اپنی ذمے داریاں پہچانیں، کیونکہ تنہائی میں مرنے والوں کی اصل ذمے داری خاندان پر ہوتی ہے، پورے شہر پر نہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل