Loading
مبینہ غیرت کے نام پر مبینہ طور پر بلوچستان میں فائرنگ کرکے ایک خاتون اور مرد کے سفاکانہ قتل کی لرزہ خیز ویڈیو وائرل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ سوشل میڈیا پر مرد و خاتون کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ اپنے ایک جاری بیان میں ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس انسانیت سوز ظلم میں ملوث عناصر کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ نے واقعے کو ناقابلِ برداشت قرار دیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو فوری گرفتار کریں اور مکمل تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں۔ شاہد رند نے مزید کہا کہ ایسی سفاکانہ حرکات کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ دوسری جانب پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان، گورنر بلوچستان ، آئی جی بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کیے جانے والی ایک خاتون کو جو سوشل میڈیا پر وائرل ہے کو قتل کرنے والے درندوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے اور مجرموں کو اسی جگہ اسی انداز میں سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کسی صورت غیرت کے نام پر قتل کی اجازت نہیں دیتا اور شادی سے پہلے کسی بھی خاتون سے اس کی پسند کا پوچھا جانا شریعت اسلامیہ میں اس کے واضح احکامات اور مثالیں موجود ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل