Loading
حکومت سندھ کی پالیسی کے مطابق نئی اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹ شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئی، نمبر پلیٹس اجراء میں تاخیر، چالان اور گاڑی ضبطگی سے شہری پریشان ہوگئے۔ سندھ حکومت کی جانب سے گاڑیوں کے لیے اجرک ڈیزائن والی نئی نمبر پلیٹس کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بننے لگا ہے، موٹر وہیکل رجسٹریشن ونگ میں شہریوں کا رش، کوئی نمبر پلیٹ کے لیے درخواست دینے آ رہا ہے تو کوئی نمبر پلیٹ وصول کرنے آ رہا ہے۔ ایک طرف تو محکمہ ایکسائز کی طرف سے نمبر پلیٹس کی بروقت فراہمی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، دوسری جانب پرانی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے شہریوں کو بھاری چالان اور گاڑی ضبطی جیسی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ ایکسائز کے دفاتر پر روزانہ سیکڑوں افراد قطاروں میں کھڑے رہتے ہیں، لیکن انہیں مہینوں گزرنے کے باوجود نمبر پلیٹس جاری نہیں کی جاتیں۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ایجنٹ مافیا کو فوری کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ویب پورٹل پر اپائنٹمنٹ ملنے کے باوجود متعلقہ دفاتر میں عملہ موجود نہیں ہوتا، یا انہیں یہ کہہ کر واپس بھیج دیا جاتا ہے کہ سسٹم بند ہے۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ اس ڈیجیٹل زمانے میں بھی آن لائن اپلائی کرنے کے باوجود ان سے الگ سے کاغذ مانگے جاتے ہیں۔ شہریوں نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ ون ونڈو آپریشن کر کے نئی نمبر پلیٹس شہریوں کے گہروں تک پہنچائے جائیں اور مزید سینٹرز کا قیام کیا جائے۔ دوسری جانب، محکمہ ایکسائز سندھ کے وزیر مکیش کمار چاولہ کا کہنا ہے کہ اب تک 20ہزار نمبر پلیٹس جاری کر چکے ہیں، آئندہ ماہ سے کورنگی انڈسٹریل ایریا اور گلشن اقبال میں بھی سینٹرز کھولے جائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل