Loading
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم نے کہا ہے کہ عوام نے قومی اور بلدیاتی الیکشن میں ہمیں ووٹ دیا، اب کی بار عوام ووٹ دیں گے اور اُس کی حفاظت بھی کریں گے۔
کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم نے 26 ویں اور 27ویں آئینی ترمیم پر پیپلزپارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان ترامیم کے بعد ثابت ہوگیا کہ پی پی اسٹیبلشمبٹ کی اے ٹیم ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی و بلدیاتی حکومت کراچی کے ٹاؤنز کو ترقیاتی فنڈز نہیں دے رہی اور نہ ہی اختیارات دیے جارہے ہیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد نے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے ہی لیاقت آباد کے عوام کو محمدی گراؤنڈ کا تحفہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ روشن و آباد لیاقت آباد، روشن و آباد کراچی جماعت اسلامی کا وژن ہے، ہم فراز حسیب اور ان کی پوری ٹیم کو لیاقت آباد کی اصل شکل لوٹانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، اگر قیادت امانت دار ہو تو کم وسائل میں بھی مسائل حل ہو جاتے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ پہلے بلدیاتی انتخابات اور پھر قومی انتخابات میں بھی کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا اور سب سے زیادہ ووٹ دیے لیکن مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور ہمارے ٹاؤن اور میئر شپ چھینی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے نام پر مسترد شدہ لوگوں کو مسلط کر دیا گیا، اب کی بار کراچی کے عوام ووٹ بھی ڈالیں گے اور ووٹ کی حفاظت بھی کریں گے۔
پروگرام میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،امیر جماعت اسلامی وسطی گلبرگ کامران سراج اور ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب بھی موجود تھے۔ محمدی گراؤنڈ لیاقت آباد کی یوسی 4 میں ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں نے لیاقت آباد کا پورا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا ہے۔ لیاقت آباد روشنیوں کا علاقہ بن چکا ہے۔ ڈاکٹر پرویز محمود شہید کی برکت سے آج لیاقت آباد میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ لیاقت آباد کے کھمبوں میں لائٹس لگائی گئیں ہیں اور سڑکوں کی تعمیر کا کام کروایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نارتھ ناظم آباد میں حیدری مارکیٹ کو ماڈل مارکیٹ بنایا گیا، لیاقت آباد کی سپر مارکیٹ کے ایم سی کے ماتحت ہے لیکن ٹاؤن چیئرمین فراز حسیب لیاقت آباد کی مارکیٹ کو بھی سپر مارکیٹ بنائیم۔ اگر کوئی تعمیر و ترقی کی راستہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کرے گا تو ہم تمام رکاوٹیں توڑ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد کے تمام پارکس کو بحال کردیا گیا ہے، اختیارات نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی ٹاؤن کے تحت کام کررہی ہے۔ اگر جماعت اسلامی کو اختیار ملا تو پورے کراچی کا نقشہ بدل دیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی لیاقت آباد کے عوام کے لیے بھی فری آئی ٹی کورسز کروائے گی۔ ایک ہفتہ بعد 21 تا 23 لاہور مینار پاکستان میں تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع عام ہونے جارہا ہے، جماعت اسلامی کے تحت اجتماع عام میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اجتماع عام کا سلوگن ”بدل دو نظام“ اور ہم جدوجہد اور مزاحمت کے ذریعے نظام کو تبدیل کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل