Wednesday, November 12, 2025
 

اسرائیلی فوجیوں کی غزہ میں فلسطینیوں کو ڈھال بنانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف

 



امریکی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے غزہ میں اپنے فوجیوں کی حفاظت کے لیے فلسطینیوں کو بارودی سرنگوں میں بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ گزشتہ سال امریکا کو ایسی خفیہ معلومات ملی تھیں، جن میں اسرائیلی حکام اس بارے میں گفتگو کر رہے تھے کہ ان کے فوجیوں نے فلسطینیوں کو غزہ کی ان سرنگوں میں بھیجا جن کے بارے میں اسرائیلیوں کا خیال تھا کہ ان میں ممکنہ طور پر بارودی مواد نصب ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی حکام کو ملنے والی یہ خفیہ معلومات وائٹ ہاؤس کو بھیج دی گئی تھیں اور سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے آخری ہفتوں کے دوران امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے مذکورہ معلومات کا تجزیہ کیا۔ بین الاقوامی قانون فوجی کارروائی کے دوران شہریوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی ممانعت کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے عہدیدار طویل عرصے سے ان خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی فوجی ممکنہ طور پر غزہ میں خود کو محفوظ رکھنے کے لیے فلسطینیوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ امریکی حکام نے بتایا کہ 2024 کے آخری مہینوں میں جمع کی گئی امریکی انٹیلی جنس نے وائٹ ہاؤس اور انٹیلی جنس برادری کے اندر یہ سوالات اٹھائے کہ یہ حربہ کتنے وسیع پیمانے پر استعمال کیا جا رہا تھا اور کیا اسرائیلی فوجی اپنے سینیئرز کی ہدایات پر عمل کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ وہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے یا انہیں کسی بھی طرح فوجی کارروائیوں میں شامل کرنے پر پابندی عائد کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ فوج کے فوج داری تحقیقاتی شعبے نے فلسطینیوں کو فوجی مشنوں میں شامل کرنے سے متعلق شبہات کی تحقیقات شروع کر رکھی ہیں۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے 7 اکتوبر کو شروع کی گئیں وحشیانہ کارروائیوں میں غزہ میں اب تک 69,000 فلسطینیوں کو شہید اور ایک لاکھ سے زائد افراد کو زخمی اور لاکھوں فلسطینیوں کو بے گھر کردیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوج کے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے سے متعلق انٹیلی جنس ان کئی معلومات کا حصہ تھی جو انتظامیہ کے آخری مراحل کے دوران حکومتی حلقوں میں گردش کر رہی تھیں اور یہ معلومات اس وقت سامنے آئیں جب امریکی انٹیلی جنس اسرائیلی فوجی طرز عمل سے متعلق اندرونی مشاورت پر مبنی نئی معلومات کا تجزیہ تیزی سے کر رہی تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی عرصے میں بائیڈن انتظامیہ نے یہ انٹیلی جنس بھی حاصل کی تھی کہ اسرائیلی فوجی وکلا نے خبردار کیا تھا کہ ایسے شواہد موجود ہیں جو غزہ میں اسرائیلی فوجی مہم کے خلاف جنگی جرائم کے الزامات کو تقویت دے سکتے ہیں۔ سابق امریکی حکام نے کہا کہ اسرائیل کے اندر سے موصول ہونے والی نئی انٹیلی جنس نے اعلیٰ حکام کو سنگین تشویش میں مبتلا کیا کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ یہ معلومات امریکی حکومت کے اندر بعض افراد کے ان الزامات کی تائید کرتی ہیں کہ اسرائیل جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگر اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب پایا جاتا تو امریکا کو اسرائیلی فوج کو ہتھیار فراہم کرنے پر ذمہ دار ٹھہرایا جا سکتا تھا اور اس صورت میں امریکا کو اسرائیل کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ روکنا بھی پڑسکتا تھا۔ سابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کے آخری دنوں میں موصول ہونے والی مجموعی انٹیلی جنس صرف غزہ میں انفرادی واقعات کی نشان دہی کرتی تھی اور یہ اسرائیلی پالیسی یا عمومی طرز عمل سے مطابقت نہیں رکھتی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل