Loading
35ویں نیشنل گیمز کی مشعل روشن کردی گئی، ملک گیر سفر کے آغاز میں کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کے بعد مشعل صوبہ خبر پختون خواہ کے حوالے کر دی گئی۔ دوسری جانب صوبہ بلوچستان نے نیشنل گیمز کی قائد اعظم ٹرافی میزبان صوبے سندھ کو پیش کی۔
مزار قائد پر منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔تقریب میں وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر ،دیگر صوبائی وزرا،ارکان سندھ اسمبلی، سیکریٹری اسپورٹس منورعلی مہیسر،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدداران اور معروف قومی کھلاڑی شریک ہوئے۔
مہمان خصوصی نے 18 سال بعد سندھ کی میزبانی میں ہونے والے 35ویں گیمز کی مشعل کو روایتی انداز میں روشن کیا۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنےخطاب میں کہا کہ35ویں نیشنل گیمز کو شایان شان انداز منعقد کرایا جائے گا۔ بانی پاکستان قائد اعظم کو کھیلوں سے خاص رغبت تھی۔ انہوں نے پہلے نیشنل گیمز کی ٹرافی کے لیےاپنی ذاتی جیب سے رقم عطیہ کی تھی۔اب نیشنل گیمز کی ٹرافی قائد اعظم کے نام سے ہی منسوب ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کے کہ کامیاب انعقاد سے کراچی کا مثبت چہرہ ایک مرتبہ پھر ابھر کے سامنے آئے گا۔ہم سب کو مل کر نیشنل گیمز کو کامیاب بنانا ہوگا۔نیشنل گیمز میں خواتین کی بڑی تعداد کی شرکت قابل تحسین عمل ہے۔ یوتھ اولمپک گیمز ہر دوسال بعد ہوں گے۔
قبل ازیں سندھ کے وزیر کھیل اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرسردار محمد محمد بخش خان مہر نے استقبالی کلمات ادا کیے۔
وزیر کھیل محمد بخش مہر نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد پہلے نیشنل گیمز بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کرائے تھے۔ 18 سال بعد ایک مرتبہ پھر سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا اعزاز ہے۔ گیمز کے موقع پر بھرپور حفاظتی انتظامات کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
تقریب کے بعد ٹارچ ریلی کا آغاز ہوا،معروف قومی کھلاڑوں نے ٹارچ ریلی میں حصہ لیا ۔شہر کے مختلف علاقوں کا سفر کرنے والی مشعل مزار قائد سے روآنہ ہو کر شارع قائدین، شارع فیصل، عبداللہ ہارون روڈ سمیت دیگر مقامات سے ساحل سمندر اور پھر مرینا کلب پہنچی۔
بعد ازاں مشعل کو سمندر کی سیر کرائی گئی،جس کے بعد ملک گیر سفر کے دوسرے مرحلے کے لیے مشعل کوصوبہ خیبرپختونخواہ کے حوالے کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ 35 ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب 6 دسمبر کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوگی۔اس موقع پرصدر مملکت آصف علی زرداری ہوں گے،وزیراعظمِ پاکستان محمد شہباز شریف 13 دسمبر کو اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔13روزہ نیشنل گیمز میں مرد اور خواتین کے 34 کھیلوں کے مقابلوں کا کراچی کے 24 مختلف مقامات پر انعقاد طے ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل