Loading
وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے بجلی صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے نیا ضابطہ کار جاری کردیا جس کے تحت خراب کارکردگی پر ڈسکوز افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق ہر ماہ خراب اور بہترین کارکردگی والے سب ڈویژنز کی نشاندہی ہوگی، 118 اسمارٹ کال سینٹر کو صارفین کے لیے ون ونڈو سروس قرار دیا گیا ہے، 5 ماہ میں 118 پر 20 لاکھ سے زائد کالز موصول ہوئیں، 118 پر موصول 96 فیصد سے زائد کالز کامیابی سے ہینڈل کی گئیں۔
پاور ڈویژن کے مطابق بجلی صارفین کی 24 لاکھ سے زائد شکایات درج ہوئیں، 99.49 فیصد شکایات کا ازالہ کر دیا گیا، لیسکو میں سب سے زیادہ 10 لاکھ سے زائد شکایات درج ہوئیں، میپکو میں 6 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا، فیسکو اور گیپکو کی کارکردگی بھی 99 فیصد سے زائد رہی۔
وفاقی وزیر نے ڈسکوز کو 118 سروس عوام میں متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر نے پیسکو، حیزکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کے کم شکایات کے اندراج پر نوٹس لیا ہے اور ان پانچ کمپنیوں کو 118 سروس صارفین میں متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔
اویس لغاری نے کہا ہے کہ تمام ڈسکوز کے کسٹمر سروس ڈائریکٹرز ذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے، لائن اسٹاف اور افسران شکایات فوری حل کرنے کے احکامات جاری کریں۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق 118 پلیٹ فارم سے بجلی کی خدمات میں شفافیت آٓئی اور عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا، صارفین بجلی سے متعلق مسائل کے لیے فوری 118 پر رابطہ کریں۔
پاور ڈویژن نے 118 سروس کو مزید موثر بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے، ہر ماہ 118 ڈیٹا کی بنیاد پر سب ڈویژنز کی کارکردگی جاری ہوگی، فی الوقت 118 پر درج کرائی گئی 99 فیصد شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔
وزارت توانائی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی صارفین مسائل کے حل کے لیے 118 پر رابطہ کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل