Loading
شہر کراچی میں پیر آباد کے علاقے نیو میانوالی کالونی میں فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا ریسکیو حکام واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آنے کا بتا رہے ہیں ، مقتول کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ایدھی حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 18 سالہ ابراہیم مسیح ولد خالد مسیح کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سینے پر گولی لگنے کے باعث پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔
جبکہ ایس ایچ او پیر آباد سراج خٹک نے بتایا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ ابراہیم مسیح گھر سے موٹر سائیکل پر نکل کر جا رہا تھا کہ اس دوران 2 ملزمان جو کہ پیدل تھے انھوں نے اسے براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا اور اس کی نئے ماڈل کی موٹر سائیکل لیکر فرار ہوگئے۔
جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا گیا ہے ، فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واقعہ موٹر چھیننے کے دوران مزاحمت پر پیش آیا ہے یا قتل کی واردات کو موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی ہے تاہم پولیس تمام پہلوؤں پر تحقیقات کر رہی ہے۔
دریں اثنا عزیز آباد کے علاقے بھنگوریہ گوٹھ میں فائرنگ سے نوجوان لڑکی زخمی ہوگئی جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جبکہ واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے کا بتایا جا رہا ہے ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل