Loading
پاکستانی اداکارہ وماڈل نادیہ حسین نے مومنہ اقبال کے معاملے میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
ماڈل، اداکارہ، ڈاکٹر اور کاروباری شخصیت نادیا حسین خان گزشتہ دو دہائیوں سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ ہیں اور اپنی بے باک رائے اور دوٹوک مؤقف کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ تنازع پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال اور سیاستدان ثاقب چدھڑ اس وقت این سی سی آئی اے میں ایک تنازع کے باعث آمنے سامنے ہیں۔
اداکارہ مومنہ اقبال کا الزام ہے کہ ثاقب چدھڑ نے انہیں دھمکیاں دیں اور ان کی آنے والی شادی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب ثاقب چدھڑ کا کہنا ہے کہ وہ شادی خراب نہیں کرنا چاہتے بلکہ صرف وہ تحائف واپس مانگ رہے ہیں جو انہوں نے مومنہ کو دیے تھے۔
نادیہ حسین نے اس معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ مومنہ ایک سمجھدار لڑکی ہیں، اس لیے اگر وہ میڈیا پر آئیں تو یقیناً انہیں حقیقی خطرات لاحق ہوں گے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک ایسا شخص جو خود شادی شدہ ہونے اور ازدواجی تعلق سے باہر تعلقات کا اعتراف کررہا ہے، اس سے سوال کیوں نہیں کیے جارہے؟
نادیہ حسین کا کہنا تھا کہ اگر مسئلہ تحائف کا ہے تو بریک اپ کے بعد تحائف واپس نہیں مانگے جاتے، آپ نے مومنہ اقبال کو تحائف اپنی مرضی سے دیے تھے، کسی نے آپ کو مجبور نہیں کیا تھا۔
اداکارہ اور کاروباری شخصیت نے مزید کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ این سی سی آئی اے مومنہ کی شادی سے پہلے اس کیس کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر حکمران جماعت کے ایم پی اے کو قصوروار قرار دیا گیا تو وہ اس پر حکومتی ردِعمل دیکھنے کی منتظر ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل