Loading
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ رشوت خور اہلکاروں کیلئے زیرو ٹالرنس، مقدمات درج ہوں گے، شہریوں سے پیسے مانگنے والے بھکاری ہیں، وہ پولیس فورس کا حصہ نہیں۔
پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس یونیفارم میں چھپے بھکاریوں اور رشوت خوروں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسے اہلکاروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔
تقریب میں تھانوں، ڈولفن، پیرو اور آپریشنز ونگ کے دیگر یونٹس کے افسران اور جوان شریک تھے۔
فیصل کامران کا کہنا تھا کہ فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ بدعنوان اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایماندار اور عوام دوست پولیس اہلکار محکمے کا فخر اور اصل طاقت ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ پولیس کا وقار عوام کے اعتماد سے جڑا ہے اور اس پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا۔ ان کے مطابق وردی کا تقدس پامال کرنے والے پولیس فورس پر بدنما داغ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تھانہ شاہدرہ اور اسلام پورہ میں رشوت لینے والے اہلکاروں کے خلاف بلا تفریق مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جبکہ ملوث اہلکاروں پر 155-C پولیس آرڈر اور گداگری ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
فیصل کامران نے واضح کیا کہ احتساب میں کسی دباؤ، سفارش یا رعایت کی گنجائش نہیں، جبکہ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔
ترجمان آپریشنز ونگ کے مطابق شرکاء نے عوامی خدمت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بدعنوان اور رشوت خور اہلکاروں کی نشاندہی کر کے فورس کو پاک کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل