Loading
اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے ایران-امریکا معاہدے کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو واضح کردیا ہے کہ لبنان سمیت دیگر خطرات کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے آزاد ہیں۔
غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ نیتن یاہو کی امریکی صدر ٹرمپ سے گفتگو ہوئی اور اس دوران اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل لبنان میں کارروائی کے لیے آزاد ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن اور ایران ایک امن معاہدے سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر تقریباً مذاکرات مکمل کر چکے ہیں، جس کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھول دی جائے گی جو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے نتیجے میں عملی طور پر بند کی گئی ہے۔
اسرائیلی سیاسی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ شب صدر ٹرمپ کے ساتھ گفتگو میں نیتن یاہو نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل لبنان سمیت تمام محاذوں پر خطرات کے خلاف کارروائی کی آزادی برقرار رکھے گا جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی اس اصول کی دوبارہ توثیق اور حمایت کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد توقعات بڑھ گئی ہیں کہ تین ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
ایرانی کی خبر ایجنسی کے مطابق مجوزہ مسودے میں یہ شرط شامل ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ایران یا اس کے اتحادیوں پر حملہ نہیں کریں گے جبکہ اس کے بدلے ایران بھی ان کے خلاف حملے نہ کرنے کا وعدہ کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی سیاست دان بینی گانٹزنے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے حصے کے طور پر لبنان میں جنگ بندی قبول کرنا اسرائیل کے لیے اسٹریٹجک غلطی ہوگی، اسرائیلی فوج لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ ملیشیا کے خلاف کارروائی کے لیے داخل ہو چکی ہے۔
اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری مذاکرات سے متعلق اسرائیل کو مسلسل آگاہ کر رہا ہے اور صدر ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ مذاکرات میں اپنے اس مستقل مطالبے پر سختی سے قائم رہیں گے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو ختم کیا جائے اور اس کی سرزمین سے تمام افزودہ یورینیم ہٹا دیا جائے۔
ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ وہ ان شرائط کی تکمیل کے بغیر کسی حتمی معاہدے پر دستخط نہیں کریں گے اور اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ نیتن یاہو کے ساتھ ان کی گفتگو بہت اچھی رہی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل