Sunday, May 24, 2026
 

ہتھیاروں سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، سربراہ حزب اللہ

 



لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی حکومت کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی روکنے کے لیے حزب اللہ ہتھیار اپنے پاس رکھے گی اور کسی صورت غیرمسلح نہیں ہوگی۔ ایرانی خبرایجنسی کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے مزاحمت اور آزادی کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ مزاحمت شہید امت سید حسن نصراللہ کی قیادت کا نتیجہ ہے اور حزب اللہ غیرمسلح نہیں ہوگی۔ لبنان کی حکومت کی جانب سے اسرائیل اور امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے مذاکرات صرف اسرائیلی حکومت کے مفادات کو فائدہ پہنچاتے ہیں، لبنان کی حکومت دشمن اسرائیل کے ساتھ 15 ماہ کی سفارت کاری کے باوجود کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت لبنان میں غیرجانب دار ثالث نہیں بلکہ اپنے مفادات کے حصول کی کوشش کر رہی ہے۔ نعیم قاسم نے خبردار کیا کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا لبنان میں ایک نئی اسرائیلی نسل کشی کا باعث بنے گا اور زور دیا کہ تحریک اپنے ہتھیار اپنے پاس رکھے گی اور حزب اللہ اس وقت تک اپنے پاس ہتھیار رکھے گی جب تک لبنان کی حکومت آزادانہ طور پر ملک چلانے کے قابل نہیں ہو جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک توسیع پسند دشمن ہے اور لبنان میں مزاحمت کو بتدریج ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے دعویٰ کیا کہ ایران نے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی قیادت میں امریکا اور اسرائیل کو شکست دی اور اس معرکے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل