Loading
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کراچی سمیت ملک بھر ہونے والے حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام پر بوجھ ڈالا گیا اور پیٹرول کی قیمت کم نہیں کی تو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے علاقے اورنگی میں کارکنان سے خطاب میں کہا کہ اگر کوئی جائز کام ہے تو عوام جماعت اسلامی کے ساتھ مل جائیں، ہم آپ کو اپنا حق دلائیں گے، بجلی کا مسئلہ ہو یا پانی کا مسئلہ حل کے لیے جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں، پاکستان کے مسائل کا حل عوامی طاقت ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن کے عوام نے جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کرکے ووٹ دیے لیکن اسٹیبلشمنٹ نے جماعت اسلامی کا جیتا ہوا ٹاؤن چھین لیا، سپریم کورٹ میں مقدمہ پیش کیا ہے، اب صرف ووٹ نہیں دینا بلکہ ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر اورنگی کے مینڈیٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تو پھر گلی محلے اور بستیوں میں جنگ ہوگی، قبضہ مافیا نے شہریوں کو پانی، بجلی، گیس، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی سہولیات سے محروم کیا ہوا ہے، قابض مئیر نے عباسی شہید اسپتال تباہ کردیا ہے، ڈاکٹروں کو تنخواہیں نہیں دی جاتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام یکسو ہوکر متحد ہو جائیں اور ہمارے ساتھ مل کر جدوجہد کریں، اورنگی ٹاؤن میں کمیٹیاں بنائیں اور منشیات کے اڈے کو ختم کریں، جماعت اسلامی یوتھ کے ذمہ دار نوجوانوں کے ساتھ مل کر منشیات کے اڈے کا خاتمہ کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر ہمیں موقع ملا تو پورے پاکستان میں یکساں نظام تعلیم ہوگا، تعلیم سب کے لیے یکساں اور اعلیٰ معیار کی فراہم کی جائے گی، جماعت اسلامی کی تحریک ظلم کے نظام کے خلاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اورنگی لائن پروجیکٹ کے نام سے اورنگی کے عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے، حکومت پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ کررہی ہے اور ناجائز ٹیکسز لگائے جارہے ہیں، آئی پی پیز مافیا کو نوازا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آنے والے بجٹ میں عوام پر بوجھ ڈالا گیا اور پیٹرول کی قیمت کم نہیں کی تو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کریں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل