Loading
شہر قائد کے علاقے پیرآباد میں 3 دسمبر کو کیے جانے والے مبینہ پولیس مقابلے میں دو نوجوانوں کی ہلاکت کے حوالے سے تحقیقات مکمل کرلی گئیں ہیں۔ پیر آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو نوجوان مارے گئے تھے ، مارے جانے والے دونوں افراد کے اہلخانہ نے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی کو درخواست دی تھی کہ دونوں افراد کو جعلی مقابلے میں قتل کیا گیا جس پر ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ایس ایس پی ساؤتھ ساجد سدوزئی کی سربراہی میں ایک انکوائری ٹیم مقرر کی تھی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق گرل فرینڈ کے کہنے پر بلاول اپنےدوست نقاش کو لے کر واردات کے لیے گیا تھا، پوری واردات لڑکیوں نے پلان کی تھی، مدعی مبارک شاہ کی بھتیجی صابرہ نے دیگر بہنوں کے ساتھ مل کر واردات کا منصوبہ بنایا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مبارک شاہ اور اہل خانہ گھر سے گئے تو لڑکیوں نے اپنے دوستوں کو اطلاع دے دی، لڑکیوں نے اپنے دوستوں کو اپنے برقعے بھی فراہم کیے تھے ، دونوں لڑکے برقع پہن کر مبارک شاہ کے گھر پہنچے تاہم گھر کے باہر دکاندار نے لڑکوں کے جوتے دیکھ کر مالک مکان کو اطلاع کردی تھی۔ پولیس نے مبینہ مقابلے میں 19 گولیاں چلنے کا دعویٰ کیا لیکن گھر سے اتنی گولیاں چلنے کے شواہد نہیں ملے۔ ایس ایس پی ساجد سدوزئی نے واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بھی تحقیقاتی رپورٹ میں کارروائی کی سفارش کی ہے۔ واضح رہے 3 دسمبر 2024 کو پیرآباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن قصبہ کالونی گھر میں ڈکیتی کی مبینہ واردات کے دوران مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو موقع پرہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔ واقعے والے دن پیارو خان چوکی انچارج اقرار حسین بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا تھا کہ وہ اپنی چوکی پہر موجود تھا کہ انہیں مکینوں کی جانب سے گھر میں ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی جس پر وہ اپنی نفری کے ہمراہ چند منٹ پر ہی موقع پر پہنچ گئے تھے جہاں ڈکیت گھر کی بالائی منزل پر تھے اور انہوں نے گھر کی خواتین اور بچیوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا۔ پولیس نے پہلے ڈکیتوں کو اسلحہ پھینک کر گرفتاری دینے کو کہا لیکن ڈکیتوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی تھی۔ پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ڈکیت موقع پرہلاک ہوگئے ، پولیس اہلکار تنویر حسین ولد منیر حسین پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ، ڈکیت جس گھر میں ڈکیتی کی نیت سے گھسے تھے وہ گھر مبارک شاہ نامی شخص کا تھا جو کباڑ کا کاروبار کرتا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ہلاک کیےجانے والے ڈاکوؤں سے لاکھوں روپے نقدی زیورات اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل