Loading
پاکستان اوریورپی یونین کے مشترکہ کمیشن کے 14 ویں اجلاس میں خوراک، توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان-یورپی یونین مشترکہ کمیشن کا اجلاس گزشتہ دنوں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پاکستان کے انتخابی عمل (8 فروری کے پارلیمانی انتخابات) اور یورپی یونین میں 6-9 جون کے یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات اور نئے کالج آف کمشنرز کی جاری تشکیل سمیت حالیہ سیاسی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 14ویں پاکستان یورپی یونین جوائنٹ کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین نے اپنے تعاون اور پائیدار مصروفیت کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان مصروفیان میں خاص طور پر تجارت، نقل مکانی، انسانی حقوق، سیاسی، اقتصادی اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں میں گلوبل گیٹ وے حکمت عملی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے خوراک، توانائی کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے ابھرتے ہوئے چیلنجز پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ مشترکہ کمیشن کی مشترکہ صدارت سیکریٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر برائے ایشیا اور پیسفک یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس پاولا پامپالونی نے کی۔ یورپی یونین پاکستان جوائنٹ کمیشن کا اگلا اجلاس 2025 میں برسلز میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل