Saturday, December 21, 2024
 

شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب، ایف بی آر کو سخت اقدامات کی ہدایت

 



وزیراعظم شہباز شریف فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو محصولات کی وصولی کی حکمت عملی پر عمل درآمد کے حوالے سے سخت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے شوگر انڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب سے ٹیکس وصولی میں بہتری آئے گی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت محصولات میں بہتری کے لیے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس ہوا جہاں انہیں شوگر انڈسٹری میں وڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب اور نگرانی پر بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے ایف بی آر کی کارکردگی کو بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور محصولات کی وصولی کے لیے بنائی گئی حکمت عملی کے نفاذ پر عمل درآمد کے حوالےسے سخت اقدامات کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ شوگرانڈسٹری میں ویڈیو اینالیٹیکس کی تنصیب کے بعد محصولات کی وصولی میں بہتری آئے گی، ان اصلاحات سے چینی کی ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ ہوگا اور قیمتوں میں توازن قائم کرنے میں مدد ملے  گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ عوام کو سستے داموں چینی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، چینی کے اسٹاک کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ چینی سپلائی چین متاثر نہ ہو۔ وزیراعظم نے ٹیکس چوری اور کم ٹیکس دینے والی شوگر ملوں کے خلاف سخت اور بلا امتیاز کارروائی کی ہدایت  کی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے کیے گئے اقدامات سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا اور ہدایت کی کہ ایف بی آر ویلیو چین کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعظم نے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے احکامات اور ٹیکس نہ دینے کی صورت میں سخت کارروائی، سیمنٹ اور ٹوبیکو انڈسٹری کی ویڈیو اینالیٹیکس کا کام جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔  وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ، وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل