Thursday, February 12, 2026
 

ٹی 20 ورلڈکپ: دوسرے سپر اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو جنوبی افریقا سے شکست

 



آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔ میچ برابر ہونے کے بعد سپر اوور میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 17 رنز ہی اسکور کر سکی۔ اس کے بعد ایک اور سپر اوور کھیلا گیا جس میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے 23 رنز بنائے اور جیت کے لیے افغانستان کو 24 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 6 گیندوں پر 19 رنز بنا سکی اور اس طرح سے پروٹیز نے یہ میچ 4 رنز سے اپنے نام کرلیا۔ قبل ازیں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں افغانستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ رائن ریکلٹن 61 اور کوئنٹن ڈی کوک 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 114 رنز کی شراکت قائم کی۔ افغانستان کی جانب سے عظمت اللہ عمرزئی نے 3، کپتان راشد خان نے 2 اور فضل الحق فاروقی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں پوری افغان ٹیم 20 ویں اوور میں 187 رنزپر آؤٹ ہو گئی اور میچ برابر ہوگیا۔ افغانستان کی جانب سے رحمان اللہ گرباز نے 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 87 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ عظمت اللہ عمر زئی 22 اور راشد خان 20 رنز بنا سکے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیڈی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل