Monday, May 20, 2024

9 مئی کو پاکستان اور اداروں کے خلاف بغاوت کی گئی، وزیراعظم

 



 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو نہ صرف پاکستان بلکہ ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت کی گئی ایک برس گزرنے کے باوجود 9 مئی کے مجرموں کو اب تک سزا کیوں نہیں مل سکی۔

 

یہ بات انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کو نہ صرف پاکستان بلکہ ریاستی اداروں کے خلاف بھی بغاوت کی گئی، کیا ایک جمہوری ملک اپنے شہدا کے ساتھ یہ سنگین مذاق، بدترین زبان کا استعمال اور حملہ برداشت کرسکتا ہے؟ اس کا جواب صاف الفاظ میں نفی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کی بغاوت دراصل اداروں اور پاکستان کے خلاف بغاوت تھی یہ پاکستان کے عوام کو تقسیم کرنے اور لڑانے کی ایک منظم سازش تھی میرے نزدیک اس سے زیادہ کوئی قبیح فعل نہیں ہوسکتا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود 9 مئی کے مجرموں کو تاحال سزا نہیں مل سکی آخر اس کی وجہ کیا ہے؟ کیوں انہیں کٹہرے میں نہیں لایا جاسکا، یہ وہ سوال ہے جو پوری قوم ان اداروں سے پوچھ رہی ہے جنہیں 9 مئی کے کرداروں کو سزا دینے کی ذمہ داری دی گئی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی کو جنہوں ںے اپنے لوگوں کو بغاوت پر اکسایا اور منصوبہ بندی کی وہ آج بھی اس واقعے کو جھٹلارہے ہیں اور جھوٹ کے ذریعے حقائق کو مسخ کرنے میں لگے ہوئے ہیں مگر سچ سب کے سامنے ظاہر ہے جو کہ ویڈیوز میں ظاہر ہے، یہ بغاوت کا طے شدہ منظم منصوبہ تھا جس میں لوگوں کو بتایا گیا کہ آپ کو کب اور کہاں حملہ کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی بھرپور کوشش کی اسی لیے یہ حملے کیے گئے، دوست ممالک سے تعلقات کو عمران خان کی حکومت نے خراب کیا ہم نے انہیں بہتر کیا، گھڑیاں چوری، 190 ملین پاؤنڈ اور دیگر کرپشن کیسز کا نوٹس لیا اسی لیے یہ حملے کیے گئے۔

 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل