Monday, May 20, 2024

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ کام کرنے کیلیے پُرعزم ہیں؛ امریکا

 



 واشنگٹن: امریکی وزارت خارجہ کی پریس ریلیز میں آئی ایس پی آر کے پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں کالعدم ٹی ٹی پی کے ملوث ہونے کے بیان پر اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کے ساتھ سلوک پر بھی توجہ مرکوز ہے اور اس پر زور دیتے ہیں کہ افغانستان کی مخدوش صورت حال کے باعث مہاجرین کی منتقلی پر نظرثانی کرے۔

تحریک انصاف کے بانی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے اور ہم ایسے معاملات پر مداخلت کا اختیار نہیں رکھتے۔

ترجمان میتھیو ملر نے پاک فوج کے تعلقات عامہ ادارے آئی ایس پی آر کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پورے خطے میں دہشت گرد گروپوں کے مشترکہ خطرے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

میتھیو ملر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے اور امریکا اس واقعے میں ہونے والے جانی نقصان اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

یاد رہے کہ آئی ایس پی آر کے بیان میں پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے میں کالعدم جماعت ٹی ٹی پی  کے ملوث ہونے کے شواہد پیش کیے تھے۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم افغانستان کے دیگر ہمسائے ممالک سے بھی مہاجرین کو فی الحال واپس نہ بھیجنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

 

 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل