Monday, May 20, 2024

سانحہ نو مئی کے خلاف پنجاب اور سندھ اسمبلی میں قرارداد کثرت رائے سے منظور

 



پنجاب اور سندھ اسمبلی میں سانحہ نو مئی کے خلاف مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی جس میں ملوث افراد کو کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمان نے سانحہ نو مئی کے حوالے سے قرارداد پیش کی۔ ایوان میں قرارداد پیش ہوتے ہی اپوزیشن اراکین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر احتجاج کیا اور اسپیکر کی ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا۔

اس دوران اپوزیشن اراکین نے قرارداد کی کاپیاں پھاڑ کر ایوان میں لہرائیں جبکہ حکومت اور اپوزیشن اراکین میں دھکم پیل بھی ہوئی، اسی شور شرابے کے دوران قرارداد کو منظور کرلیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے  کہ نومئی کے دلخراش دن شرپسند عناصر کی جماعت نے وطن عزیز کے اداروں کے خلاف سیاسی لبادہ اڑھ کر حملہ کیا اور بانی پاکستان قائد اعظم کی رہائش گاہ کو نذر آتش کیا۔

مزید پڑھیں: 9 مئی کے ورغلائے لوگوں کو پہلے ہی شک کا فائدہ دے دیا، اصل مجرم کو حساب دینا ہوگا، آرمی چیف

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نو مئی کو بین الاقوامی سطح پر وطن عزیز کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تاہم قومی اداروں نے سازش کو ناکام بناکر ملک کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔

قراردار میں لکھا گیا ہے کہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ سانحہ نو مئی کے ذمہ داران و منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اجلاس کل دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے نو مئی سانحہ کے خلاف مزمتی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔ جس کے بعد اسپیکر نے سندھ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل