Tuesday, March 25, 2025
 

عرفان پٹھان پر سنگین الزامات، آئی پی ایل کی کمنٹری پینل سے باہر کردیا گیا

 



بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر عرفان پٹھان پر انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کے سیزن میں سنگین الزامات عائد کردیے گئے اور انہیں کمنٹری پینل سے بھی باہر کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل 2025 کا آغاز گزشتہ روز ایڈن گارڈن کولکتہ میں ہوا جہاں کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) اور رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے درمیان رواں سیزن کا پہلا میچ ہوا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے سجائی گئی آئی پی ایل کی رنگارنگ تقریب میں ٹورنامنٹ کی تمام ٹیمیں اسٹارز نے شرکت کی لیکن وہاں پر عرفان پٹھان کی عدم موجودگی کی نشان دہی کی گئی۔ بی سی سی آئی کے جاری کردی کمنٹری پینل میں بھی عرفان پٹھان کا نام شامل نہیں ہے حالانکہ وہ آئی پی ایل کی کمنٹری کا اہم جزو رہے ہیں اور بے لاگ تبصروں کے باعث میڈیا میں مقبول بھی ہیں۔ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ عرفان پٹھان کو آئی پی ایل 2025 کے کمنٹری پینل سے بھارت کئی کرکٹرز کی شکایت پر ہٹا دیا گیا ہے اور چند ایک کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ وہ جانب دارانہ کمنٹری کرتے ہیں۔ عرفان پٹھان پر بھارتی کھلاڑیوں نے الزام عائد کیا کہ وہ چند مخصوص کھلاڑیوں کے خلاف ذاتی ایجنڈا چلاتے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوران دیے گئے ایک بیان کی وجہ سے ایک کرکٹر نے عرفان پٹھان کا نمبر بھی بلاک کردیا ہے، جس کی وجہ سے تنازع میں شدت آگئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ عرفان پٹھان گزشتہ دو سال کے دوران مخصوص کھلاڑیوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنا رہے ہیں اور اس کو بی سی سی آئی کے عہدیدار اچھی نظر سے نہیں دیکھ رہے ہیں۔ عرفان پٹھان کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ انہوں نے بارڈر-گواسکر ٹرافی 2024 کے دوران ویرات کوہلی کی فارم کے حوالے سے تنقید کی تھی اور کرکٹ شائقین موجودہ پیش رفت کو اسی سے جوڑ رہے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت کے مشہور کمنٹیٹر اور سابق بیٹر سنجے منجریکر کو بھی اسی طرح کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا اور انہیں متنازع بیان پر پینل سے ہٹا دیا گیا تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل