Loading
صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میاں رؤف عطا نے بلوچستان کے مسائل کے مستقل حل سے متعلق سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک سے ملاقات کی اور اس حوالے سے سیاسی جماعتوں کی سنجیدگی میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن سے جاری بیان کے مطابق صدر بار میاں رؤف عطا اور ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کی ملاقات میں سینیٹر میرکبیر محمد شاہی بھی موجود تھے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ ملاقات بلوچستان میں موجودہ صورت حال کے پیش نظر تمام قومی سیاسی جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کے تناظر اور بلوچستان کے مسائل کے طویل مدتی حل کی تشکیل پر مبنی وسیع تر بحث و مباحثے پر مشتمل تھی۔ سپریم کورٹ بار کی جانب سے کہا گیا کہ دونوں فریقین نے اتفاق کیا کہ بارڈر مینجمنٹ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم اہم صوبائی مسائل ہیں لیکن یہ عوامی تحفظ اور بلوچستان کے شہریوں کے سکون پر فوقیت حاصل نہیں کر سکتے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق بلوچستان کے مسائل پر دیگر مرکزی سیاسی جماعتوں کی سنجیدگی کی کمی پر بھی مشترکہ تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بلوچستان کے چیلنجز کا واحد قابلِ عمل حل جمہوری فریم ورک اور سیاسی طریقہ کار کے اندر موجود ہے۔ مزید بتایا گیا کہ صدر سپریم کورٹ بار کی چیئرمین بی این پی اخترمینگل سے ملاقات طے تھی تاہم سڑکوں کی بندش کے باعث یہ ملاقات مؤخر کر دی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل