Wednesday, April 30, 2025
 

اسلام آباد دنیا کے دیگر بڑے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار

 



اسلام آباد نے محفوظ ترین شہروں میں دنیا کے بڑے بڑے شہروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق گلوبل ویب سائٹ نمبیو نے دنیا کے 380 شہروں کی سیفٹی انڈیکس رپورٹ جاری کی ہے جس میں اسلام آباد کو لندن، نیویارک، اوسلو، سڈنی، ماسکو، ٹورنٹو اور بارسلونا جیسے شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا۔ عالمی رینکنگ برائے سیفٹی انڈیکس کے مطابق اسلام آباد 67.9 کے سیفٹی انڈیکس کے ساتھ عالمی رینکنگ میں 93 نمبر پر ہے۔ اس سے قبل اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو اپنے عملے کے لیے فیملی اسٹیشن قرار دیا تھا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر کمان اسلام آباد پولیس نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔ وفاقی پولیس نے سال 2024 اور سال 2025 کے دوران جرائم کی شرح میں نمایاں کمی لانے میں کامیابی حاصل کی۔ رواں سال جرائم کی شرح میں گزشتہ سال کی نسبت 20 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ سال 2025 کے دوران دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں کمی مؤثر پولیسنگ اقدامات، تمام افسران و جوانوں کی محنت اور کارکردگی کی بدولت عمل میں آئی۔ سال 2025 میں سال 2024 کی نسبت 600وارداتیں کم ہوئی ہیں۔ منشیات و شراب فروشوں اور ان کے سہولت کاروں سمیت جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن عمل میں لایا گیا۔ منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنے کے لئے ’’نشہ! اب نہیں‘‘ خصوصی تحریک چلائی گئی۔ وفاقی دارالحکومت کو غیر قانونی اسلحہ سے پاک کرنے کے لیے خصوصی کریک ڈاﺅن کیا گیا۔ غیرقانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری، غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن کی برآمدگی کے ساتھ مقدمات کا اندراج بھی کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل