Loading
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کیلیے موبائل ایپ تیار کرلی جس کے بعد گھر بیٹھے برتھ و ڈیتھ اور ازدواجی حیثیت تبدیل کروانا ممکن ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق نادرا کی میزبانی میں نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی عملدرآمد کمیٹی کا دوسرا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین نادرا نے رجسٹریشن کے موجودہ نظام کو خامیوں سے پاک بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کے آن لائن اندراج کے لئے موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے، شہری زندگی کے اہم واقعات کا اندراج گھر بیٹھے کرا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل ایپ پہلے پنجاب میں متعارف کرائی جائے گی، شہریوں کی سہولت کے لئے پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ خدمات کی فراہمی میں انقلابی بہتری آئے گی، شہریوں کی اہم معلومات کے درست ڈیٹابیس کی تیاری میں مدد ملے گی۔ چیئرمین نادرا نے شرکا کو بتایا کہ اسلام آباد کی یونین کونسلوں میں نادرا ون ونڈو کاؤنٹر قائم کئے جا رہے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی اے نے نیشنل بائیومیٹرک پالیسی کی تیاری کے لئے جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ مسودے پر متعلقہ فریقوں کی آراء حاصل کرنے کے بعد اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں محکمہ مقامی حکومت کے عہدیداروں کے خصوصی سیشن میں موبائل ایپ کا ڈیمو پیش کیا گیا جبکہ اجلاس میں مختلف وزارتوں اور اداروں کی قیادت اور سینئرافسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، داخلہ اور بین الصوبائی تعاون کی وزارتوں، وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن اور قانون و انصاف کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ پی ٹی اے، ایف آئی اے، امیگریشن اینڈ پاسپورٹ، ادارہ شماریات، اور الیکشن کمیشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے جبکہ ایس ای سی پی، آئی سی ٹی اور سی ڈی اے کے سینئر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر کے مقامی حکومت کے محکمے، اسٹیٹ بینک، محکمہ مقامی حکومت سندھ و بلوچستان اور آئی ٹی بورڈ سندھ و گلگت بلتستان کے نمائندوں کی آن لائن شرکت کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل