Loading
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب برطانوی حکام، سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں، سرمایہ کار بینکوں، کاروباری فرموں اور اداروں سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔ وزیر خزانہ دورے کے دوران مختلف سرمایہ کاری فورمز اور سیمنارز سے خطاب کے دوران ملک کے معاشی منظر نامے کو واضح کریں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب تین روزہ دورہ کے دوران جیفریز کے زیر اہتمام ’’پاکستان تک رسائی کے دن‘‘ کے عنوان سے سرمایہ کاری گول میز مذاکرے میں شرکت کریں گے وزیر خزانہ یو کے ٹیک انویسٹرز کے ساتھ ’’پاکستان میں اے آئی، کان کنی اور ہیلتھ کئیر سمیت دیگر شعبوں میں حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیاں‘‘ کے موضوع پر گول میز مذاکرے میں بھی شریک ہوں گے۔ ان دونوں مذاکروں میں وزیر خزانہ کے ساتھ وزیر اعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری محمد علی بھی شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ دورہ کے دوران برطانیہ کے ہِز میجسٹی ٹریڑری ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کریں گے اور ٹریڑری فنانشل سیکریٹری لارڈ لیورمور اور ان کے رفقا سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خزانہ فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کا دورہ کریں گے اور برطانیہ کے پارلیمانی انڈر سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان ہمیش نکلس فالکنر اور اعلیٰ حکام سے ملیں گے۔ اسکے علاوہ، وزیر خزانہ برطانیہ کے آفس فار بجٹ ریسپانسبلٹی کا دورہ کریں گے اور چیئر رچرڈ ہیوز اور ان کی سینئیر ٹیم سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خزانہ بینک آف انگلینڈ کے مرکزی دفاتر کا دورہ کریں گے اور گورنر اینڈریو بیلی اور ان کی ٹیم سے ملیں گے۔ دورے کے دوران ڈوئچے بینک اور اسٹینڈر چارٹرڈ بینک کے سی ای اوز سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔ وزیر خزانہ برطانیہ کی گورنمنٹ کمیونی کیشن سروس کے سی ای او سائمن باوٴ اور رفقا سے بھی ملیں گے جبکہ وزیر خزانہ کارگل گلوبنگ ٹریڈنگ یو کے کے ہیڈ مارکس ہال اور برٹش امریکن ٹوبیکو کے حکام سے بھی ملیں گے۔ وزیر خزانہ، مشیر برائے سرمایہ کاری محمد علی کے ہمراہ پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام مقامی سرمایہ کاروں اور کاروباری افراد کے ساتھ عشائیے میں بھی شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ منتخب بین الاقوامی اور برطانوی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے سوال و جواب کی نشستوں میں بھی شریک ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل