Friday, June 06, 2025
 

آئی بی اے کراچی؛ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کا منظوری کے بغیر غیر ملکی دورہ، محکمے کا نوٹس

 



آئی بی اے کراچی(انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی کی جانب سے بغیر منظوری اور این او سی کے اجراء کے بیرون ملک جانے کا انکشاف ہوا ہے اور حکومت سندھ کے متعلقہ محکمے یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کی جانب سے اس معاملے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔  محکمے نے معاملے پر ڈاکٹر اکبر زیدی سے باقاعدہ وضاحت طلب کرنے کے لیے کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلیٰ سندھ سے اجازت مانگ لی ہے اور اس سلسلے میں سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھجوادی گئی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ بغیر اجازت و این او سی بیرون ملک دورہ کرنے پر انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین کو عہدے سے فارغ کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈ کے ذرائع نے "ایکسپریس" کو بتایا کہ سیکریٹری عباس بلوچ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کے مطابق آئی بی اے کراچی کی جانب سے ڈاکٹر اکبر زیدی کے بیرون ملک جانے کے سلسلے میں درخواست محکمے کو موصول ہوئی تھی جس میں 19 سے 23 مئی تک اٹلی میں منعقدہ ایک ورکشاپ اور فورم میں شرکت کے لیے این او سی اور چھٹی مانگی گئی تھی۔  تاہم درخواست کے ساتھ فورم اور ورکشاپ کا دعوت نامہ منسلک نہیں کیا گیا تھا جو محکمے کی جانب سے مانگنے پر جمع کرایا گیا، تاہم اسی اثنا میں چھٹی کی منظوری اور این او سی کے اجراء کے بغیر ڈاکٹر اکبر زیدی بیرون ملک روانہ ہوگئے اور منظوری کا انتظار بھی نہیں کیا، لہٰذا یہ محکمہ ڈاکٹر اکبر زیدی سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرنے کی سفارش کرتا ہے جو کنٹرولنگ اتھارٹی کی منظوری سے کی جاسکے گی۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر اکبر زیدی اپنی دوسری چار سالہ مدت کا دوسرا برس گزار رہے ہیں ان کی مدت ملازمت میں توسیع نگراں دور حکومت میں قائم مقام وزیر اعلیٰ نے کی تھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل