Loading
شہر قائد میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر موسم کیسا رہے گا؟ اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے اپنی پیش گوئی کردی ہے۔ محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر نے پیش گوئی کی ہے کہ عید قرباں کے موقع پر کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق عید کے تینوں روز موسم گرم رہے گا اور شہر کا درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نمی کا تناسب صبح کے وقت 60 فیصد جب کہ شام کے وقت 70 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے، جس کے باعث درجہ حرارت کی شدت زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کے دوران سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی، جو جزوی حد تک موسم کی شدت کو کم کر سکتی ہیں، تاہم گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ اُدھرمحکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے حوالے سے بھی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 29.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے اور سمندری ہوائیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل