Loading
گلگت بلتستان کے علاقے چلاس اور بونجی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ بن گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق چلاس اور بونجی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا نیا ریکارڈ بن گیا اور 28 سال پہلے بننے والا گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے مرکزی شہر چلاس میں 5 جولائی کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 48.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس سے قبل چلاس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 جولائی 1997 کو 47.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات ضلع استورکے علاقے بونجی میں 5 جولائی 2025 کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، اس سے قبل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کا ریکارڈ 12 جولائی 1971 کو 45.6 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پاکستان کے شمالی خطے میں مسلسل شدید گرمی اور زیادہ درجہ حرارت گلیشیر پگھلنے میں تیزی کا باعث بن سکتا ہے۔ حکام اور شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ آئندہ ہفتے کے دوران شمالی علاقوں میں اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں اور اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے 4 جولائی 2025 کو بھی آگاہ کر دیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل