Loading
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ 26 اراکین کے ڈی سیٹ کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کو ریفرنس بھیجا جا سکتا ہے، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا یہ احتجاج نہیں ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کے بعد صحافی کے پنجاب اسمبلی میں 26 اراکین کی معطلی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اسپیکر کے اختیارات لا محدود ہیں، وہ ہاؤس کے سربراہ ہیں ان کے پاس اختیارات وہی ہیں جو گھر کے بڑے کے پاس ہیں، اسمبلی ممبران نے حلف لیا ہے کہ وہ آئین کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں گے، اگر آپ اس حلف کی پامالی کرتے ہیں تو اسپیکر کے پاس اختیارات ہیں کہ آپ میں سے کسی بھی ممبر کو معطل کر سکیں۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 26 اراکین کے ڈی سیٹ کے بارے میں چیف الیکشن کمشنر کو ریفرنس بھیجا جا سکتا ہے، اسپیکر اس کارروائی کا آغاز کرنے سے پہلے اپنا سربراہی رول کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں گے، یہی وجہ ہے کہ وہ ایوان کو چلانے کے لیے دونوں کے درمیان میں بیٹھتے ہیں اور اگر حکومتی ارکان بھی لائن کراس کریں گے تو اسی طرح اسپیکر غیر جانب داری کا ثبوت دے گا۔ وزیر قانون کا کہنا تھا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے لیکن کرسیاں مارنا اور مائیک اکھاڑنا یہ احتجاج نہیں ہے اس کے لیے قانون کے مطابق اپنا راستہ لینا چاہیے، میں اب بھی سمجھتا ہوں کہ اسپیکر صاحب جمہوری روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گھر کے بڑے سربراہ کی طرح بہتر راستہ ہی نکالیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل