Loading
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران ساڑھے 6 کروڑ روپےسے زائد مالیت کی منشیات تحویل میں لے لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف کارروائیوں کے دوران 6 کروڑ 56 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 223 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ سہراب گوٹھ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس دوران گاڑی سے 126 کلو آئس اور 18 کلو ہیروئن برآمدکرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ گلستان جوہر میں ایک گھر سے 72 کلو چرس برآمد کیا گیا اور اس کارروائی کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔ ملک کے دیگر شہروں میں ہونے والی کارروائیوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی کے علاقے چوہڑ چوک کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس تحویل میں لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ترنول پھاٹک اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 2.4 کلو چرس اور 290 گرام افیون برآمد کی گئی، ترکئی ٹول پلازہ سوہاوہ کے قریب مسافر وین میں سوار 2 ملزمان سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ تینوں کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے مسافر کے پیٹ سے 340 گرام وزنی 69 ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے،گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل