Loading
جکارتہ: امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق منگل کو انڈونیشیا کے مشرقی خطے پاپوا میں 6.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، تاہم ماہرین نے واضح کیا ہے کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 24 منٹ پر (0824 جی ایم ٹی) آیا۔ اس کا مرکز پاپوا کے شہر ابی پورا (Abepura) سے تقریباً 193 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع تھا۔ پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے تصدیق کی کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا خطرہ موجود نہیں۔ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ابتدائی طور پر USGS نے اس کی شدت 6.5 بتائی تھی لیکن بعد میں اسے کم کرکے 6.3 کر دیا گیا۔ انڈونیشیا ایک وسیع جزیرہ نما ملک ہے جو بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر" (Ring of Fire) پر واقع ہے، جو ایک ایسا خطہ ہے جہاں ٹیکٹونک پلیٹوں کے ٹکراؤ کے باعث زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں عام ہیں۔ اس سے قبل جنوری 2021 میں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی (Sulawesi) میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 100 سے زائد افراد جاں بحق اور ہزاروں بے گھر ہو گئے تھے۔ 2018 میں اسی جزیرے کے شہر پالو (Palu) میں 7.5 شدت کے زلزلے اور اس کے بعد آنے والے سونامی نے تباہی مچائی، جس میں 2,200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ 2004 میں آچے (Aceh) صوبے میں 9.1 شدت کے زلزلے اور سونامی نے تباہی پھیلائی، جس میں صرف انڈونیشیا میں 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل