Loading
حکومتِ سندھ نے خواتین کے لیے پنک اسکوٹیز پروگرام کے تحت مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس میں پروگرام کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول بھٹو سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ صوبائی حکومت رواں ہفتے خواتین اور طالبات کے لیے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے سہولت فراہم کررہی ہے جس سے ان کی روزمرہ آمدورفت آسان ہو جائے گی۔ یہ اسکیم نہ صرف وقت اور اخراجات کی بچت کرے گی بلکہ خواتین کو ایک محفوظ اور باوقار سفر کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام خاص طور پر ان خواتین کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں۔ درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی مرتب کر رہی ہے جب کہ میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر الیکٹرک اسکوٹیز الاٹ کی جائیں گی۔ وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ حکومت نے ایک شفاف اور آسان میکنزم تیار کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ سندھ حکومت چاہتی ہے کہ خواتین اپنی زندگی کے ہر شعبے میں خودمختار ہوں اور یہ اسکیم اس سمت میں ایک مثبت قدم ثابت ہوگی۔ انہوں نے طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ تعلیم، روزگار اور دیگر سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل