Monday, January 26, 2026
 

راولپنڈی؛ اولاد نرینہ کے معاملے میں حسد، 10دن کے نومولود کو قتل کرنے والی تائی گرفتار

 



تھانہ جاتلی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 دن کے نومولود بچے کو قتل کرنے والی ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق زیر حراست خاتون نومولود کی تائی ہے جس نے ذاتی رنجش پر نومولود کو گھر کے کنویں میں پھینک کر قتل کر دیا تھا۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، نومولود کے اغواء کا مقدمہ والد کی مدعیت میں تھانہ جاتلی میں دو روز قبل درج کیا گیا تھا۔ جاتلی پولیس نے زیر حراست خاتون کو شامل تفتیش کیا تو ملزمہ نے نومولود کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ ایس پی صدر انعم شیر کے مطابق زیر حراست خاتون کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ بچے کی قاتلہ قریبی اسی گھر میں مقیم تھی، ملزمہ کی اپنی بھی ایک بیٹی تھی اور مقتول ننھے شیر خوار کی بھی ایک بہن تھی۔ بہن کے بعد ننھا مقتول پیدا ہوا تو تائی نے بھاوج کے اولاد نرینہ ہونے پر انتہائی گھناؤنا اقدام اٹھایا۔ مقتولہ نے بچے کو اسوقت گھر کے ڈھکے ہوئے سو فٹ کنویں میں پھینک دیا جب اسکی والدہ گھر میں موجود نہ تھی۔ پراسرار حالات میں معصوم بچے کی لاش کنویں سے برآمد ہونے پر پولیس نے گھر کے مکینوں کو تحویل میں لے لیا تھا۔ کنواں بھی اوپر سے ڈھکا ہوا تھا، پولیس نے ابتدائی تفتیش میں 10 دن کے معصوم بچے کا ازخود کنویں تک پہنچنا ناممکن قرار دیا تھا اور جس وقت بچہ غائب ہوا اس وقت گھر میں تین سے چار افراد، مدعی کی والدہ  بھاوج اور 13 سالہ سالی ہی تھے۔ پولیس نے تینوں کو تحویل میں لیکر تحقیقات شروع کیں تو ملزمہ نے انکشاف کر دیا، مزید تحقیات جاری ہیں اور شواہد سامنے آنے پر ایف آئی آر کو قتل میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل