Saturday, January 31, 2026
 

کراچی، ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق، نئے سال کے پہلے ماہ تعداد 80 ہوگئی

 



شہر کے مختلف علاقوں میں ایک نوجوان سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے اور نئے سال 2026 کے پہلے مہینے جنوری میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق خواتین، بچوں اور بچیوں سمیت مجموعی تعداد 80 جبکہ زخمیوں کی تعداد 873 ہوگئی ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ کراچی میں ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہوگیا جنہیں انتہائی تشویش ناک حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ایس ایچ او سرسید فرخ ہاشمی نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 17 سالہ احسن بلال کے ہوئی جو موٹر سائیکل پر اپنے دوست زوہیب کے ساتھ سوار تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی نشتر کالج کے قریب کار سوار خاتون کی ٹکر سے پیش آیا جو موقع سے کار سمیت فرار ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ احسن شدید زخمی ہوا تھا جسے سرسید تھانے کے قریب قائم اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا بعدازاں متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی نارتھ کراچی سیکٹر 8 بلال کالونی کچی آبادی کا رہائشی تھا، جن کے ورثا بھی اسپتال پہنچ گئے اور اس حوالے سے پولیس نے نامعلوم کار سوار خاتون کے خلاف مقدمہ بھی درج کر کے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔ دریں اثنا اورنگی ٹاؤن بنارس چوک کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ ریسکیو حکام کا کہنا تھا  کہ متوفی کی شناخت 35 سالہ حسن کے نام سے کی گئی جو راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جس کی پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 میں شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران مجموعی طور پر 80 افراد جاں بحق جبکہ 873 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن چورہدری شاہد کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہونے والے جان لیوا ٹریفک حادثات میں جاں بحق 80 افراد میں 59 مرد، 9 خواتین، 11 بچے اور ایک بچی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 873 افراد میں 695 مرد، 125 خواتین، 39 بچے اور 14 بچیاں شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق شہر قائد میں سال کے پہلے ماہ کے دوران ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر21 افراد زندگی سے محروم ہوگئے جس میں سب سے زیادہ 10 جان لیوا ٹریفک حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے۔ اسی طرح واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 5 افراد، بس کی ٹکر سے 4 افراد، ڈمپر اور مزدا کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل