Monday, March 02, 2026
 

ندا یاسر کے شو میں سابقہ بیوی کیساتھ بیٹھنے پر موجودہ اہلیہ نے کیا کیا؟ اداکار نے بتادیا

 



پاکستان کے سینئر اداکار جمال شاہ نے نجی ٹی وی کی رمضان ٹرانسمیشن میں سابقہ اہلیہ کے ہمراہ شرکت سے متعلق حقیقت بتادی۔ جمال شاہ پاکستان کے معروف اور باصلاحیت فنکار ہیں جو مصوری، مجسمہ سازی، اداکاری اور گلوکاری کے شعبوں میں اپنی خدمات کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنے میڈیا کیریئر کا آغاز پی ٹی وی کوئٹہ سینٹر میں گلوکار اور کمپوزر کے طور پر کیا، بعد ازاں اداکاری کی جانب آگئے۔ ان کے نمایاں ڈراموں میں نقابِ سنگ، جنگل، کوہ کن، بند گلی، مدار، بلھے شاہ اور بارش کے بعد شامل ہیں۔ فریال گوہر کیساتھ30سال پہلے شادی کیوں ختم ہوئی؟ندا یاسر کے شو میں اکٹھے بیٹھے، موجودہ اہلیہ کا کیا ری ایکشن تھا؟جمال شاہ نے کھل کر بتادیا#365news #365NewsPK #jahaneramzan #nadiakhan #zohaibhassan #ramzanmubarak pic.twitter.com/jzeOAjACiz — 365 News (@365dotNews) February 27, 2026 شائقین نے نجی ٹی وی کے ڈرامے ’تیرے عشق کے نام‘ میں بھی ان کی اداکاری کو خوب سراہا۔ حال ہی میں جمال شاہ اپنی سابقہ اہلیہ اور ساتھی فنکارہ فریال گوہر کے ساتھ ٹی وی پر جلوہ گر ہونے کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جو ماضی میں پاکستان کی خوبصورت ترین اداکاراؤں میں شمار ہوتی تھیں۔ جمال شاہ نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں نادیہ خان اور زوہیب حسن کے ساتھ شریک ہوئے، جہاں انہوں نے ندا یاسر کے پروگرام میں شرکت سے متعلق تنازع پر کھل کر بات کی۔ سینئر اداکار کا کہنا تھا کہ مجھے پروگرام میں مدعو کیا گیا تھا اور بعد میں معلوم ہوا کہ فریال گوہر کو بھی اسی وقت بلایا گیا ہے، پھر میں نے یہ سوچ کر رضامندی ظاہر کی کہ بہتر ہے ایک ہی بار تمام باتیں واضح کر دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کوئی غیر آرام دہ صورتحال پیدا کرنا نہیں تھا، ہمیں صورتحال کو قبول کرنا پڑا۔   ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں یہ عجیب نہیں تھا کیونکہ ہم ایک ہی شعبے میں کام کرتے ہیں اور اکثر ملاقات ہو جاتی ہے جب کہ اس میں شرمندگی کی کوئی بات نہیں۔ جمال شاہ نے کہا کہ میں خود مطمئن تھا اور میری اہلیہ آمنہ کو بھی کوئی مسئلہ نہیں تھا، وہ مجھ سے زیادہ سمجھدار ہیں، میری زندگی میں میری رہنمائی کرتی رہی ہیں، اس لیے ہمیں ایک ساتھ اسکرین پر آنے میں کوئی دقت محسوس نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر لوگ بہت کچھ کہتے ہیں، لیکن اچھا ہوا کہ ہمارے ایک ساتھ آنے سے تمام سوالات، تجسس اور قیاس آرائیاں ختم ہو گئیں۔ ہمیں ایک ساتھ دیکھ کر مداحوں کا جوش بھی ٹھنڈا پڑ گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاید بظاہر یہ کچھ عجیب لگا ہو، مگر خوش قسمتی سے ہمارا رشتہ خوبصورت تھا اور اچھے انداز میں ختم ہوا، اس لیے کسی کو کوئی پچھتاوا نہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل