Wednesday, April 01, 2026
 

ایرانی پورٹ بندر عباس پر حملے میں جاں بحق پاکستانی نوجوان منوڑا قبرستان میں سپردِ خاک

 



ایرانی پورٹ بندر عباس پر میزائل حملے میں جاں بحق پاکستانی نوجوان یاسر خان کو منوڑا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، جاں بحق یاسر کی میت ایدھی سردخانے سے ان کی رہائش گاہ ماڑی پور منتقل کی گئی ۔ مقامی عید گاہ میں جاں بحق یاسر کی نماز جنازہ بعد نماز عشاء ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں مرحوم یاسر کے اہلخانہ، عزیز واقارب، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل، رکن سندھ اسمبلی آصف خان، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری سمیت اہل علاقہ نے شرکت کی۔ میڈیا سے گفتگو میں رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل نے کہا کہ یاسر خان شہید ہیں۔اس نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر پاکستان کا نام بلند کیا۔وہ 9 ماہ قبل روزگار کے لیے ایران گیا تھا۔ایک حملے میں شہید ہوگیا۔ہم چاہتے ہیں کہ اس جنگ میں کسی  بےگناہ کو خون نہ بہے۔اس جنگ کا خاتمہ سفارت کاری سے ممکن ہے۔امید ہے کہ پاکستان کی سفارت کاری کامیاب ہوگی۔ شہید یاسر خان کی میت لانے میں پاکستانی اور ایرانی حکومت ، سفارت خانے اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے تعاون کیا ۔ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہید یاسر خان کے لیے قومی اسمبلی میں دعا کرائی جائے گی۔ شہید یاسر کے والد نے کہا کہ میرے شہید بیٹے یاسر کی میت گھر پر لانے میں وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ بلوچستان اور قادر پیٹل نے بہت مدد کی۔ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔میرا بیٹا دنیا سے چلا گیا۔میری بہو اور پوتے کی زندگی ویران ہوگئی۔سندھ حکومت ان دونوں کی کفالت اور آئندہ زندگی کی بہتری کے لیے فوری تعاون کرے۔ امیر جماعت اسلامی منعم ظفر خان نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا دنیا میں دہشت گردی کررہے ہیں۔ہم ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔عالمی برادری کی اس جنگ پر خاموشی لائحہ فکریہ ہے، امریکا اور اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا۔یہ دونوں ملک تمام قوانین کو بالائے طاق کر ایران پرحملے کررہے ہیں۔اقوام متحدہ اورعالمی عدالت انصاف کہاں ہیں؟ مریکا اسرائیل اور ایران جنگ کا خاتمہ ڈائیلاگ سے ممکن ہے۔پاکستان کی اس حوالے سے سفارت کاری کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔امریکا و اسرائیل یہ جنگ ہار گیا۔ایران جنگ جیت چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسر خان روزگار کے ایران گیا تھا۔امریکی اور اسرائیلی حملے میں شہید ہوا ہے۔یاسر اس جنگ کا پاکستانی شہید ہے۔اس کو سلام پیش کرتے ہیں۔اللہ شہید یاسر کی مغفرت فرمائے۔ واضح رہے کہ شہید یاسر خان کی میت کے تابوت  کو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر ان کا جنازہ ادا کیاگیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل