Wednesday, April 01, 2026
 

متحدہ عرب امارات آبنائے ہرمز بزورطاقت کھولنے کیلئے امریکا کا ساتھ دینے کو تیار ہے، امریکی اخبار

 



متحدہ عرب امارات آبنائے ہرمز بزور طاقت کھولنے کے لیے اتحاد قائم کرنے اور امریکا کے ساتھ جنگ میں شامل ہونے کو تیار ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے عہدیدار نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا اور دیگر اتحادیوں کی مدد کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جو اس اقدام کی صورت میں ایرانی حملوں کا نشانہ بننے کے بعد امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں کودنے والا ممکنہ طور پر پہلا خلیجی ملک ہوسکتا ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس طرح کے اقدام کی اجازت کے لیے قرارداد لانے کی کوششیں کر رہا ہے اور اماراتی سفارت کاروں نے امریکا، یورپ اور ایشیا میں عسکری طاقتوں پر زور دیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز بزور طاقت کھولنے کے لیے اتحاد تشکیل دیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی حکومت سمجتھی ہے کہ یہ اس کی بقا کے لیے جنگ ہے اور عالمی معیشت کو بھی آبنائے ہرمز کو مفلوج کرکے تباہ کرنے کی خواہاں ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات اس بات کا جائزہ لے رہا ہے کہ وہ ایران کی گرفت توڑنے کے لیے کیا فوجی کردار ادا کر سکتا ہے، عہدیدار کے مطابق متحدہ عرب امارات نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ امریکا آبنائے ہرمز میں ایران کے جزیروں کا قبضہ حاصل کرے، جن میں ابوموسیٰ بھی شامل ہے، جس پر ابوظہبی دعویٰ کرتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اس رپورٹ کی تردید نہیں کی بلکہ کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی برقرار رکھنا ایک وسیع عالمی اتفاق رائے ہے۔ اے پی کو شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عرب عہدیداروں نے بتایا کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین کے حکام نے نجی بات چیت میں یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ فوجی کارروائی اس وقت تک ختم ہو جب تک ایرانی قیادت میں نمایاں تبدیلیاں نہ آ جائیں یا ایران کے رویے میں کوئی بڑی تبدیلی نہ آئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل