Thursday, June 18, 2026
 

بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل شیڈول میں تبدیلی پر غور شروع کر دیا

 



بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں اور شائقین کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا شیڈول تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت 2027 سے آئی پی ایل کا آغاز تقریباً 10 مارچ کو جبکہ اختتام 15 مئی کے آس پاس کیا جا سکتا ہے جو موجودہ شیڈول کے مقابلے میں تقریباً دو ہفتے پہلے ہوگا۔ واضح رہے کہ آئی پی ایل 2026 کا انعقاد 28 مارچ سے 31 مئی تک ہوا تھا جبکہ گزشتہ کئی برسوں سے ٹورنامنٹ عموماً مارچ کے آخر سے مئی کے اختتام یا جون کے آغاز تک جاری رہتا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی حکام اب ٹورنامنٹ کو پہلے شروع کرنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس فیصلے کی بنیادی وجہ ایونٹ کے آخری مرحلے کے دوران بڑھتی ہوئی گرمی اور پری مون سون بارشوں کے خدشات ہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائکیا نے کہا کہ شیڈول میں تبدیلی کا مقصد کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے بہتر ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مئی کے وسط کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے جبکہ بعض علاقوں میں پری مون سون بارشوں کا سلسلہ بھی شروع ہو جاتا ہے جس سے میچز کے انعقاد میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ دیواجیت سائیکیا نے کہا کہ اس سال آئی پی ایل 28 مارچ کو شروع ہوا اور 31 مئی کو ختم ہوا۔ 15 مئی کے بعد بارشوں اور پری مون سون سیزن کے آغاز کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے جبکہ شدید گرمی بھی کھلاڑیوں اور تماشائیوں کے لیے موزوں نہیں ہوتی۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ تبدیلی کے تحت بی سی سی آئی ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر میں بھی ردوبدل کر سکتا ہے تاکہ تمام مقامی ٹورنامنٹس 10 مارچ تک مکمل ہو جائیں اور آئی پی ایل کا فوری آغاز ممکن بنایا جا سکے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل