Loading
اگر آپ صحت مند طرزِ زندگی اپنانا چاہتے ہیں تو ماہرینِ صحت کے مطابق دوپہر کے کھانے میں متوازن اور غذائیت سے بھرپور سلاد کو معمول بنانا ایک مفید عادت ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد صرف تیزی سے وزن کم کرنا نہیں بلکہ ایسی پائیدار غذائی عادت اختیار کرنا ہے جس پر طویل عرصے تک آسانی سے عمل کیا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق ایک مکمل سلاد صرف پتوں والی سبزیوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس میں ثابت مونگ دال، چنے، کھیرا، ٹماٹر، پیاز، گاجر، شملہ مرچ، کینوا، ایووکاڈو، مالٹے کے قتلے، انار کے دانے اور کچے آم جیسی غذائیں شامل کی جا سکتی ہیں تاکہ جسم کو فائبر، وٹامنز، منرلز اور دیگر ضروری غذائی اجزا بیک وقت حاصل ہوں۔
ذائقے کے لیے نمک، کالی مرچ، لیموں کا رس یا سرکہ استعمال کیا جا سکتا ہے، جبکہ پروٹین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گرل کیا ہوا پنیر، سویا یا دیگر صحت بخش پروٹین ذرائع شامل کرنے کی بھی تجویز دی جاتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہی قسم کا سلاد مسلسل کھایا جائے تو کچھ عرصے بعد اکتاہٹ محسوس ہو سکتی ہے، اس لیے مختلف سبزیوں، پھلوں اور اجزا میں رد و بدل کرتے رہنا چاہیے تاکہ ذائقہ بھی برقرار رہے اور غذائی تنوع بھی حاصل ہو۔
طبی ماہرین کے مطابق دوپہر کے کھانے میں غذائیت سے بھرپور سلاد شامل کرنے سے بھوک پر بہتر کنٹرول حاصل کرنے، غیر ضروری اسنیکس اور بار بار کھانے کی خواہش کم کرنے اور زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رہنے میں مدد مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دوپہر کے کھانے کے بعد آنے والی سستی میں بھی کمی آ سکتی ہے اور جسمانی توانائی بہتر محسوس ہو سکتی ہے۔
ان کے مطابق اگرچہ وزن میں کمی ہر فرد میں یکساں نہیں ہوتی، تاہم مسلسل متوازن غذا اپنانے سے جسمانی ساخت میں مثبت تبدیلیاں آ سکتی ہیں، کپڑوں کی فٹنگ بہتر محسوس ہو سکتی ہے اور مجموعی صحت میں بتدریج بہتری آ سکتی ہے۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ صحت بخش غذائی عادات اختیار کرنے سے انسان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ پسندیدہ غذاؤں کو مکمل طور پر ترک کر دیا جائے۔ ان کے مطابق صحت مند طرزِ زندگی کی اصل بنیاد اعتدال، توازن اور مستقل مزاجی ہے، اس لیے کبھی کبھار پسندیدہ کھانے بھی مناسب مقدار میں کھائے جا سکتے ہیں، جبکہ روزمرہ خوراک میں غذائیت سے بھرپور انتخاب کو ترجیح دینی چاہیے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل