Saturday, October 05, 2024
 

حکومت پنجاب اور تعلیمی اصلاحات کےماہر سر مائیکل باربر کامل کر کام کرنے پراتفاق

 



 لاہور: حکومت پنجاب اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر نے مل کر کام کرنے پر اتفاق  کیا ہے۔ 

پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب سے سر مائیکل باربر کی سربراہی میں اعلی سطح وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں سینئر وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ سر مائیکل باربر کے ماضی کے تعاون اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں تکنیکی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں  وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیم، نوجوانوں کی ہنرمندی، ماحولیات سمیت گورننس کے نظام میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر بریف کیا۔

مریم اورنگزیب نے وفد کوبتایا کہ پورے صوبے میں ہر بچے اور بچی کی تعلیم یقینی بنانے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے، اسکولوں میں تمام سہولیات،  اور استاد کی  دستیابی یقینی بنانے کے لیے تعلیم کے  پورے نظام کی اصلاح کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی بار پسماندہ ترین اضلاع میں 20 ارب روپے سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے لیے کھانے اور دودھ کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا گیا ہے اور بچوں کے اولین سالوں میں عالمی معیار کا بہترین تعلیمی نظام ‘ارلی ایئر ایجوکیشن سسٹم’ بھی شروع کر رہے ہیں۔

سینیئر وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب کی 10 یونیورسٹیوں کے طلبا وطلبات کو انٹرنیشنل اسکالرشپ پر پڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کا آغاز کر دیا ہے،اور کسان کریڈٹ کارڈ سے معیاری بیج، کھاد اور ٹریکٹر سمیت مشینری دے رہے ہیں۔

مریم اونگزیب نے بتایا کہ ہمت کارڈ پروگرام کیش اور اسکل ڈویلپمنٹ کے زمرے میں شروع کررہے ہیں، جبکہ آئی ٹی سٹی لاہور سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے وسیع پروگرام پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے، ڈیجیٹل پنجاب کے ذریعے سرکاری خدمات گھروں تک پہنچانا شروع کردی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف صحت کے تمام نظام کی اوور ہالنگ کر رہی ہیں، کلینک آن ویلز اور فیلڈ اسپتال سے لاکھوں مریضوں کا علاج ہوچکا ہے، جبکہ شہروں کے ساتھ دیہات میں ماں اور بچے کے علاج کی جدید سہولیات، مفت ادویات اور تشخیص و علاج کی جدید مشینری بھی فراہم کی گئی ہے۔

سینیئر وزیر نے وفد کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی نے آئی ٹی کے استعمال سے تیار کردہ اسکور کارڈ سے وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کو منسلک کر دیا ہے، اور کارکردگی کے اہداف پر پیش رفت کی نگرانی وزیر اعلی مریم نواز شریف خود کر رہی ہیں۔

متعدی امراض کے حوالے سے  انہوں نے بتایا کہ خسرہ،پولیو اور دیگر وبائی امراض کی ویکسینیشن اورعلاج کے حوالے سے گراس روٹ لیول پر کام جاری ہے، علاوہ ازیں فضائی الودگی اور اسموگ کے خاتمے کے ملٹی سیکٹورل سموگ ایکشن پلان پر حکومت اور نجی شعبہ جنگی بنیادوں پرکام کررہا ہے۔

وفد نے وزیر اعلی پنجاب کی عوامی خدمات، نظام میں بنیادی تبدیلی کے وژن اور آئی ٹی کے استعمال کے منصوبوں کو سراہا۔

واضح رہے کہ سر مائیکل باربر برطانوی وزیراعظم ٹونی بلئیر کے ڈلیوری یونٹ کے علاوہ دنیا کے پچاس سے زائد ممالک میں حکومتی شعبوں میں اصلاحات کے لیے کام کر چکے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل