Saturday, September 05, 2026
 

پی ایس ایل: ڈیفالٹرز کو جلد ادائیگی کیلیے وارننگ جاری

 



پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ڈیفالٹرز کو جلد ادائیگی کیلیے وارننگ جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اس وقت پی ایس ایل کے بعض اسٹیک ہولڈرز پر بھاری رقم واجب الادا ہے۔ گزشتہ دنوں پی ایس ایل گورننگ کونسل کی لندن میں ہونے والی میٹنگ میں بورڈ حکام نے ڈیفالٹرز  پر واضح کردیا کہ انہیں مکمل رقم ہر صورت میں ادا کرنا ہوگی۔ اس موقع پر مذکورہ افراد کی جانب سے خود کو لاحق مالی چیلنجز سے آگاہ کیا گیا، یہ بھی بتایا گیا کہ ایران امریکا جنگ سے بھی معاملات پر فرق پڑا اور تاحال ریکوریز نہیں ہو پائیں، جس پر انہیں جواب ملا کہ وجوہات جو بھی ہوں واجبات دینا لازمی ہیں۔ میٹنگ میں پی ایس ایل 12 کی ونڈو پر بات ہوئی، فرنچائزز اپریل جبکہ براڈ کاسٹر جنوری میں آغاز چاہتا ہے۔ نمائندے نے کہا کہ بیشتر اسپانسرز کی جانب سے بجٹ کا بڑا حصہ خرچ ہو جاتا ہے اس لیے سال کا آغاز ہی مقابلوں کیلیے مناسب ہے۔ اس پر انہیں ایک اونر نے جواب دیا کہ معاہدے میں حتمی تاریخوں  کا تو ذکر نہیں تو پھر وہ بھی بورڈ کے فیصلے پر عمل کریں، ابھی سے اگر تاریخیں فائنل ہو گئیں تو انہیں اسپانسر شپ کیلیے بھی مناسب وقت مل جائے گا۔ پی سی بی نے فرنچائزز کو مشاورت کے بعد تجاویز دینے کا کہا ہے۔ میٹنگ میں ہانگ کانگ سکسز کی طرز پر پی ایس ایل ٹیموں کے ٹورنامنٹ پر بھی بات ہوئی تاہم اس پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل