Loading
دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلون مسک اپنی دولت، کمپنیوں اور منفرد طرزِ زندگی کی وجہ سے ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں۔ ٹیسلا، اسپیس ایکس اور دیگر کاروباری اداروں کے مالک ایلون مسک کے بارے میں عام تاثر یہی تھا کہ وہ کسی پرتعیش محل نما رہائش گاہ میں قیام کرتے ہوں گے، تاہم انہوں نے اپنی موجودہ رہائش کے بارے میں ایسا انکشاف کیا ہے جس نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ وہ ان دنوں امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر ممفس میں ایک ائیر اسٹریم ٹریلر میں رہ رہے ہیں۔ ان کے مطابق وہ وہاں اپنی کمپنی ایکس اے آئی کے ڈیٹا سینٹر کی تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے عارضی طور پر سادہ رہائش اختیار کی ہے۔
ایلون مسک نے کہا کہ وہ مسلسل سفر کرنے کے بجائے کام کے قریب رہنا پسند کرتے ہیں، یہاں تک کہ اگر ضرورت پڑے تو نئے سرورز کے قریب فرش پر سونے کو بھی ترجیح دیتے ہیں۔ ائیر اسٹریم ٹریلر سے ان کی دلچسپی کا تعلق ان کے خلائی منصوبوں سے بھی جوڑا جاتا ہے، کیونکہ ناسا نے اپولو 11 کے خلا بازوں کو چاند سے واپسی کے بعد اسی نوعیت کے ٹریلر میں قرنطینہ کیا تھا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ اسپیس ایکس کے سربراہ نے غیر روایتی طرزِ زندگی اپنائی ہو۔ 2022 میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) خریدنے کے بعد وہ کئی ماہ تک سان فرانسسکو میں کمپنی کے دفتر ہی میں قیام کرتے رہے تھے۔ اس سے قبل وہ ٹیکساس کے علاقے بوکا چیکا میں اسپیس ایکس کے اسٹار بیس کے قریب ایک چھوٹے سے گھر میں بھی رہ چکے ہیں۔
ایلون مسک 2020 میں یہ بھی اعلان کر چکے ہیں کہ انہوں نے اپنی زیادہ تر جائیدادیں فروخت کر دی ہیں اور کیلیفورنیا میں موجود اپنے سات گھروں کو تقریباً 13 کروڑ ڈالر میں بیچ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی توجہ مادی اثاثوں کے بجائے مستقبل کی ٹیکنالوجی اور خلائی منصوبوں پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل