Loading
پی ایس ایل 12 کے آغاز کے لیے ممکنہ ابتدائی تاریخوں پر اتفاق کر لیا گیا، فرنچائزز کو اعتماد میں لے کر باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق براڈ کاسٹر کا اصرار تھا کہ پی ایس ایل 12 کا آغاز جنوری میں کیا جائے، اس سے اسپانسر شپ کے حصول میں مدد ملے گی، البتہ فرنچائز اونرز اپریل کی ونڈو چاہتے تھے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے 19 مارچ کو آغاز کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ فائنل کیلیے 2 مئی کی تاریخ رکھی گئی ہے، فرنچائزز سے تبادلہ خیال کے بعد حتمی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔
آئندہ سال رمضان المبارک کا آغاز 8 فروری کو متوقع ہے، لیگ کا انعقاد عید کے بعد ہوگا، البتہ ایک بار پھر میچز آئی پی ایل سے متصادم ہوں گے جس کا انعقاد 10 مارچ سے 15 مئی تک ہونا ہے۔
حالیہ برسوں میں بھی ایسا ہی ہوا جس کا پاکستانی لیگ پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا تھا، پاکستانی شائقین نے اپنی لیگ کو اہمیت دی اور ٹی وی ریٹنگ متاثر نہیں ہوئی، حکام کو امید ہے کہ اب بھی ایسا ہی ہو گا۔
بھارتی لیگ میں شرکت نہ کرنے والے کئی اہم غیر ملکی پلیئرز بھی پی ایس ایل کے لیے پاکستان آسکتے ہیں، ابھی پلیئرز آکشن کی تاریخ کا فیصلہ نہیں ہوا لیکن بعض فرنچائزز نے پہلے ہی چند غیر ملکی اسٹارز سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بعض اہم پلیئرز پہلی بار پاکستانی لیگ میں حصہ لیتے نظر آ سکتے ہیں، گو کہ فی الحال معاملات سست روی کا شکار ہیں تاہم تاریخوں کا اعلان ہونے کے بعد تیزی آ سکتی ہے۔
ایونٹ کے وینیوز اور دیگر تفصیلات بھی جلد طے کی جائیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل