Friday, October 09, 2026
 

محکمہ موسمیات کی ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

 



محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی ہے اور اس دوران کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ویک اینڈ سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 15 اکتوبر تک برقرار رہے گا، جس کے زیر اثر پنجاب اور اسلام آباد میں 10، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں 10 سے 15 اکتوبر کے دوران بارش کا امکان ہے، بلوچستان میں ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آندھی، جھکڑ اور ژالہ باری کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کمزور انفرا اسٹرکچر، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ مزید بتایا گیا کہ میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے، اس دوران درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی متوقع ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل