Tuesday, October 20, 2026
 

بچے کی حفاظت میں ناکامی پر ملتان کے ایک یتیم خانے کی رجسٹریشن درخواست مسترد کردی، سارہ احمد

 



چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے کہا ہے کہ بچے کی حفاظت اور نگرانی میں ناکامی پر ملتان کے ایک یتیم خانے کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے پنجاب پولیس سے یتیم خانے کے مالک کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور بچے کی موت کے ذمہ دار تمام افراد کا احتساب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچے کو کام کے لیے ایک ٹھیکیدار کے حوالے کیا گیا تھا، تاہم اس کی حفاظت اور مناسب نگرانی یقینی نہیں بنائی گئی، جس کے نتیجے میں بچے کی جان چلی گئی۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے پنجاب چیریٹیز کمیشن سے بھی مطالبہ کیا کہ یتیم خانے کی رجسٹریشن اور لائسنس کا فوری جائزہ لیا جائے اور قانون کے مطابق اسے منسوخ کرنے سمیت ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام یتیم خانوں میں رہائش پذیر بچوں کی دیکھ بھال کے لیے کم از کم معیارات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، کسی بھی ادارے کو بچوں کی دیکھ بھال اور حفاظت کی ذمہ داری میں غفلت برتنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سارہ احمد نے کہا کہ ہر بچے کو تحفظ، عزت اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضروری ہے، کسی یتیم بچے کو ان افراد کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا جنہیں اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری سونپی گئی ہو۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل