Loading
وزیراعظم شہباز شریف کی آج پشاور آمد کے پیش نظر اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی سمیت سیکیورتی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کے وی وی آئی پی دورے کے لیے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کرتے ہوئے جامع پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دورے کی سیکیورٹی پر 462 پولیس افسران و اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ 2 پلاٹون ریزرو نفری بھی الرٹ رہے گی۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی انتظامات سی سی پی او کی براہ راست نگرانی میں مکمل کیے جائیں گے، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی کینٹ بھی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ سیکیورٹی ڈیوٹی پر ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، ابابیل اسکواڈ اور سٹی پٹرولنگ کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
وی وی آئی پی دورے کے موقع پر اہم مقامات اور داخلی راستوں پر سخت چیکنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حساس مقامات اور ان کے اطراف میں گشت اور نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے گی، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے مقامات اور گاڑیوں کی سیکیورٹی کلیئرنس بھی کی جائے گی۔
سیکیورٹی انتظامات کے دوران واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جیمرز استعمال کیے جائیں گے۔ وی وی آئی پی دورے کے دوران اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی بھی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سیکیورٹی کی مسلسل نگرانی کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے انتظامات پر نظر رکھی جائے گی۔
اسی طرح پشاور میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی تیار کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز اور طبی عملہ دستیاب ہوگا۔ پشاور پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل