Wednesday, October 28, 2026
 

کراچی؛ ڈیفنس میں اسلحے سے شہریوں کو ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز، تحقیقات جاری

 



ڈی ایچ اے میں شہریوں کو اسلحے کے ذریعے ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ سائبر کرائم سے متعلق پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے ویڈیو اپلوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا سراغ لگانے اور اکاؤنٹ سے متعلق تکنیکی معلومات حاصل کرنے کے لیے این سی سی آئی اے سے بھی رابطہ کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ اے میں شہریوں کو اسلحے کے ذریعے ہراساں کرنے کی وائرل ویڈیوز کا معاملہ تحقیقات جاری ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کار سوار نوجوانوں کو مبینہ طور پر اسلحہ دکھا کرراہ گیروں لڑکوں اور لڑکیوں کو خوف زدہ اور ہراساں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی ہدایات پر ساؤتھ ڈسٹرکٹ پولیس نے وائرل ویڈیوز کی مدد سے ملوث افراد کی شناخت اور تلاش کے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ https://www.facebook.com/share/r/14tnKxxCame/ ترجمان ساؤتھ زون پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق مذکورہ ویڈیو تقریباً 32 گھنٹے قبل سوشل میڈیا پر اپلوڈ کی گئی تھی، تاہم ویڈیو اپلوڈ کرنے والا اکاؤنٹ بعد اذاں ڈیلیٹ کر دیا گیا۔ ویڈیو میں نظر آنے والے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے متعلقہ علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے تاکہ ویڈیو کے مندرجات اور واقعے کی اصل صورتِ حال کا تعین کیا جا سکے۔ ابتدائی مشاہدے کے مطابق ویڈیو کے بعض مندرجات مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے جانے کا شبہ ہے تاہم اس حوالے سے حتمی رائے تحقیقات اور دستیاب شواہد کی جانچ کے بعد ہی قائم کی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے ویڈیو میں نظر آنے والے افراد، پھول فروش اور دیگر ممکنہ عینی شاہدین کی تلاش بھی جاری ہے تاکہ واقعے کی حقیقت، ویڈیو کی صداقت اور اس میں دکھائے گئے مناظر کی مکمل تصدیق کی جا سکے۔ پولیس تمام دستیاب شواہد کا جائزہ لے رہی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے اور ملوث افراد کی شناخت کے بعد قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل