Sunday, November 29, 2026
 

مولانا اور حکومت میں بات چیت بند نہ ہوئی تو حالات انارکی کی طرف چلے جائیں گے، ملک احمد خان

 



اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے مابین مذاکرات اور بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں، ایسا نہ ہو کہ حالات انارکی کی طرف جائیں، بلاول بھٹو کس منطق سے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات اور سرپرست اعلیٰ قوم کاکاخیل بیرسٹر میاں فیروز جمال شاہ کاکاخیل کے چچا میاں تجمل شاہ کاکاخیل کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان آج فوج کے خلاف کیوں ہو گئے؟ کچھ عرصہ قبل مولانا نے ایک فوجی کے لیگل فریم ورک آرڈر (ایل ایف او) کی حمایت نہیں کی تھی، اگر دلیل کے ساتھ بات کی جائے تو ہو سکتا ہے حکومت اور مولانا فضل الرحمان کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور حکومت کے مابین مذاکرات اور بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں، ایسا نہ ہو کہ حالات انارکی کی طرف جائیں، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کس منطق سے نئے صوبوں کے قیام کی مخالفت کر رہے ہیں؟ نئے صوبوں کی قیام کی آواز تو سب سے پہلے سندھ اسمبلی سے اٹھی تھی، حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے مشاورت انتہائی ضروری ہے۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام میں حکومت کو جلد بازی سے نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرنا چاہیئے، جن کے نئے صوبوں کے قیام پر تحفظات ہیں وہ دور کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضم اضلاع کے حوالے کہا کہ ان اضلاع میں جانے والوں پر اب بھی خوف کے سائے منڈلاتے رہتے ہیں کیونکہ حالات اب بھی غیر تسلی بخش ہیں، جس کی دلیل یہ ہے کہ 15 سال جس کی حکومت تھی اسی نے دوبارہ دہشتگردوں کو آباد کر کے پاکستانی سرزمین پر دہشتگردی کی نئی لہروں کو ہوا دی، ضروری ہے کہ  پاکستان کا مفاد پہلے ہو کیونکہ اگر ریاست ہو گی تو سیاست بھی ہو گی اور حکومت بھی ہو گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل